جموں:6 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) پنتھرس سپریمواورجموں ۔پونچھ لوک سبھا حلقہ سے پارٹی کے امیدوار پروفیسر بھیم سنگھ نے آج پارٹی کے لیڈروں محترمہ انیتا ٹھاکر، بنسی لال شرما، سریندر چوہان، اشوک کماراور دیگر کے ساتھ اکھنور، خور اور پلان والا علاقہ میں پہنچے اور وہاں چکمہ لال، خور، پلاں والا، اکھنور اور دیگر علاقوں میں کئی میٹنگوں سے خطاب کیاجن میں رائے دہندگان سے پنتھرس پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی جس سے جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کو بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں۔جموں وکشمیر بنیادی حقوق سے محروم ہے اور1981سے ریاست میں پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ ہے تاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھاجاسکے۔انہوں نے ہندستانی آئین کے جموں وکشمیر میں نفاذ کا مطالبہ کیا جس سے جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کو بھی ملک کے باقی شہریوں کی طرح تمام بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے حکومت سے پاکستان سے ملحق سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی جنہیں بین الاقوامی سرحد پر پاکستان سے خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے تمام لوگوں سے بی جے پی، کانگریس اور دیگر جماعتوں کے امیدوار وں کو شکست دینے اور پنتھرس پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی جوواحد پارٹی ہے جو کشمیر سے کنیا کماری تک ایک جھنڈے (قومی پرچم) اورایک اآئین کے حق میں ہے اور جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی چاہتی ہے جس طرح ملک کے باقی شہریوں کو حاصل ہیں۔